برطانیہ کے نئے بادشاہ کو سنگترے ، گلاب ، دارچینی ، مُشک اور عنبر کے تیل لگانے کی رسم
وہ برطانیہ ، آسٹریلیا ، کینیڈا ، نیوزی لینڈ سمیت 14 ملکوں کے سربراہ ہیں.
ملکہ الزبتھ کے آخری سانس لیتے ہی برطانیہ کی حکمرانی فوری طور پر بغیر کسی تقریب کے ولی عہد شہزادہ چارلس کو منتقل ہو گئی ۔ انھوں نے اپنے لیے شاہ چارلس سوئم کا نام منتخب کیا ہے ۔ چارلس کی اہلیہ کا نیا ٹائٹل ’ کوئین کونسورٹ ‘ ہو گا ۔ کونسورٹ کی اصطلاح بادشاہ کی شریکِ حیات کے لیے استعمال کی جاتی ہے ۔
برطانوی بادشاہ یا ملکہ کوئی حلف نہیں اٹھاتا لیکن نئے بادشاہ کی جانب سے ایک اعلان کیا جاتا ہے کہ وہ چرچ آف سکاٹ لینڈ کا تحفظ کرے گا. یہ روایت 18ویں صدی سے چلی آ رہی ہے ۔
چارلس کو برطانیہ کا نیا بادشاہ قرار دینے کا اعلان ایک بڑے اجلاس کے بعد نقاروں کی گونج میں سینٹ جیمز پیلس کی فریری کورٹ پر واقع بالکونی سے گارٹر کنگ آف آرمز نامی عہدیدار کرے گا ۔
وہ کہے گا ، ’ خدا بادشاہ کی حفاظت کرے ‘ اور 1952 کے بعد پہلی مرتبہ جب برطانیہ کا قومی ترانہ بجے گا تو الفاظ ’ گاڈ سیو دی کنگ ‘ ہوں گے ۔
اس کے بعد ہائیڈ پارک ، ٹاور آف لندن اور بحری جہازوں سے توپوں کی سلامی دی جائے گی اور چارلس کی بادشاہت کا اعلان ایڈنبرا ، کارڈف اور بیلفاسٹ میں پڑھ کر سنایا جائے گا ۔
تخت نشینی کا سب سے اہم لمحہ کچھ عرصے بعد تاجپوشی کا ہو گا جب چارلس کو باقاعدہ تاج پہنایا جائے گا ۔ یہ تقریب 900 برس سے ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد ہوتی آئی ہے. یہ ایک اینگلیکن مذہبی تقریب ہے جسے آرچ بشپ آف کنٹربری سرانجام دیتے ہیں. وہ سینٹ ایڈورڈ کا تاج چارلس کے سر پر رکھیں گے ۔ ٹھوس سونے کا سوا دو کلو وزنی یہ تاج 1661 میں تیار کیا گیا تھا ۔ اسے کوئی بھی بادشاہ صرف اپنی تاجپوشی کے وقت ہی پہنتا ہے ۔
اس تقریب میں موسیقی بھی ہو گی اور شاعری بھی اور نئے بادشاہ کو سنگترے ، گلاب ، دارچینی ، مشک اور عنبر کے تیل لگا کر روایتی رسم ادا کی جائے گی ۔
شاہ چارلس 56 ممالک کی تنظیم دولتِ مشترکہ کے بھی سربراہ بن گئے ہیں ۔ چارلس برطانیہ کے ساتھ ان 14 ممالک کے آج بھی سربراہِ مملکت ہیں
آسٹریلیا ، اینٹیکا اور باربوڈا ، بہاماس ، بلیز ، کینیڈا ، گرینیڈا ، جمیکا ، پاپوا نیو گنی ، سینٹ کرسٹوفر اور نیوس ، سینٹ لوشیا ، سینٹ ونسنٹ اور گرینیڈئنز ، نیوزی لینڈ ، جزائر سولومن اور ٹوالو ۔
No comments: